ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلور بینک کے 7.5کروڑ کی خطیر رقم لے کرفرار ہونے والے 3 ملزمان کو پولس نے کیا گرفتار

منگلور بینک کے 7.5کروڑ کی خطیر رقم لے کرفرار ہونے والے 3 ملزمان کو پولس نے کیا گرفتار

Tue, 16 May 2017 21:46:00    S.O. News Service

منگلورو:16/مئی (ایس اؤنیوز)شہر کے ییاڑی میں ایکسس بینک سے بنگلورو کے کورمنگلا ایکسس بینک کو رقم پہنچانے کے بجائے تین لوگوں نےساڑھے سات کروڑ کی رقم کی سواری لے کر فرار ہونے کی واردات پیش آئی تھی، مگر مینگلور کی متحرک پولس نے  چند ہی دنوں کے اندر فرار ہونے والوں کو گرفتار کرلیا اور اُن کے پاس سے قریب 6.30 کروڑ روپئے کی رقم برآمد کرلی۔

اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے  منگلورو پولس کمشنر چندرشیکھر نے کہاکہ بولیرو سواری کے ڈرائیور چتردرگہ کے کری بسپا (24)، گن مین کورگ کے پھووپا(38) اور رقم لوٹنے کی رہنمائی کرنے والے کورگ کے کریپا عرف کاشی (46)نامی ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے اور ان کے پاس سے 6.30 کروڑ روپئے ضبط برآمد کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ تینوں11مئی کو صبح 30-08بجے 7.5کروڑروپئے لے کر ایس آئی ایس پروسگیور ہولڈنگ کمپنی کی سواری نمبر کے اے 06۔ سی 8389بولیرو کے ذریعے بنگلورو کےلئے نکلے تھے۔ اس سلسلے میں ییاڑی شاخ کے بینک مینجر رنجیت نے کورمنگلا شاخ مینجر کو اطلاع دی تھی۔ لیکن وقت پر رقم نہیں پہنچی تو بینک افسران نے کمپنی کے ذمہ داران کو اطلاع دی۔ جس کے تحت کمپنی کے سچن نے کنکناڑی شہری پولس تھانہ میں کیس درج کیا تھا۔

پولس نے معاملے کی جانچ شروع کی تو پتہ چلا کہ سوموار پیٹ سے 20کلومیٹر دور کمبار وگوڑی نامی جنگل میں رقم چھپا کر رکھی گئی ہے۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولس نے تینوں ملزموں کو گرفتارکرلیا۔ پولس نے بتایا کہ معاملے میں کسٹوڈین پرشورام کے رول پر بھی تفتیش کی جائے گی ، جبکہ اس معاملے میں مزید افراد ملوث ہونےکی اطلاع ملی ہے جنہیں بہت جلد گرفتار کیا جائے گا۔ 7.5کروڑ روپیوں میں سے 6.5کروڑ روپئے ضبط کرلئے گئے ہیں۔ بقیہ رقم مفرور ملزمان کے پاس موجود ہونے کے امکانات ہیں۔ کارروائی میں منگلورو شہرمغربی معاون علاقہ کی اے سی پی شرتی ، سی سی آربی کے اے سی پی ویلنٹائن ڈیسوزا کی قیادت والی ٹیمیں شامل تھیں۔


Share: